رشمیکا نے بھی 8 گھنٹے کی شفٹ پر اپنی رائے دیدی

کام کے اوقات کار کے معاملے میں شمالی اور جنوب کی فلم انڈسٹری میں بہت فرق ہے،رشمیکا دیپیکا پڈوکون بھی ہدایتکار ایٹلی اور اللو ارجن کی آنیوالی فلم کے ذریعے واپسی کی تیاری میں ہیں

منگل 8 جولائی 2025 10:35

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)اس وقت بھارت کی فلم انڈسٹری میں کام کے اوقات کے حوالے سے بحث زوروں پر ہے اور اب اس معاملے میں جنوبی اور ہندی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا نے بھی اپنا حصہ ڈال دیا ہے۔8 گھنٹے اوقات کار کی بحث اس وقت منظر عام پر آئی جب اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے سندیپ ریڈی وانگا کی فلم اسپرٹ سے علیحدگی اختیار کرلی ۔

خبروں کے مطابق ، دیپیکا نے 8 گھنٹے شفٹ کی درخواست کی تھی تاکہ وہ اپنی بیٹی کو وقت دے سکیں لیکن سندیپ ریڈی وانگا نے ان کی اس شرط کو رد کردیا تھا۔اس کے بعد سندیپ ریڈی وانگا نے ترپتی دمری کو کاسٹ کرلیا جو پربھاس کے ساتھ نظر آئیں گی۔اب رشمیکا مندانا نے بھی اس موضوع پر بحث کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ 8 گھنٹے کی شفٹ سے متعلق مختلف رائے رکھتے ہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر سے بات کرنا ضروری ہے، اگر ڈائریکٹر 8گھنٹے کی شفٹ پر مان جاتا ہے تو یہ سب کے لیے ٹھیک ہوسکتا ہے لیکن اگر نہیں مانتا تو آپ کو علیحدگی اختیار کرلینی چاہیے۔

(جاری ہے)

رشمیکا نے مزید کہا کہ یہ ایک ذاتی معاملہ ہے لیکن اس معاملے پر روشنی ڈالنے کی ضرورت ہے کیونکہ کہیں کہیں حالات بہت بدتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ تو 2 سے تین دن مسلسل کام کرتے ہیں ، نہ گھر جاتے ہیں اور نہ انہیں سونے کا موقع ملتا ہے۔رشمیکا نے مختلف فلمی انڈسٹریز میں کام کرنے کے تجربات بھی شیئر کیے۔انہوں نے بتایا کہ ساتھ انڈیا کی فلم انڈسٹری میں اداکار دفتری اوقات کی طرح عام طور پر صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کام کرتے ہیں جبکہ ہندی سینما میں ،میں نے صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کام کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ 12 گھنٹے کی ورکنگ شفٹ ہوتی ہے، تو اب ایک اداکار کے طور پر میں دونوں قسم کے اوقات کے لیے تیار ہوں کیونکہ ڈائریکٹر کا تقاضا یہی ہوتا ہے۔فلمی محاذ پر رشمیکا جلد ہی رنبیر کپور اور سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ’’اینمل‘‘کے سیکوئل انیمل پارک میں ایک بار پھر نظر آنے والی ہیں۔دوسری جانب دیپیکا پڈوکون بھی اپنی بیٹی دعا پڈوکون سنگھ کی پیدائش کے بعد ہدایتکار ایٹلی اور اللو ارجن کی آنے والی فلم کے ذریعے ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کی تیاری میں ہیں۔