بھارت،ریاست ہریانہ میں لو جہاد کے الزام میں مسلمانوں کے گھرنذر آتش

منگل 8 جولائی 2025 11:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع بھوانی میں دو مسلم خاندانوں کے گھروں کو مبینہ طور پر 'لو جہاد' کا الزام لگا کر نذر آتش کر دیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں حملہ آوروں کو گھروں سے مسلمان خاندانوں کا سامان باہر پھینکتے اوروہاں توڑ پھوڑ کرنے کے بعدآگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ راجستھان سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو لڑکی کی ایک مسلمان لڑکے کے ساتھ شادی کے بعد پیش آیاہے۔ حملہ آوروں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے ڈھانپ رکھے تھے اور انہوں نے ہتھوڑوں کے ذریعے گھروں میں توڑ پھوڑ کی، بعد ازاں وہ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کےلئے پولیس نے علاقے میں بڑی تعداد میں اہلکاروں کو تعینات کر دیاہے ۔اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں مسلم اقلیت کے خلاف بڑھتی نفرت اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حملے نے ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں کہ بھارت میں اقلیتیں بالکل محفوظ نہیں ۔