عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے کا مشن جاری ہے،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل سیالکوٹ

منگل 8 جولائی 2025 13:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹر سلیمان اکبر نے کہا ہے کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی دستیابی ہر صورت ممکن بنائی جائے اور علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مریم نواز شریف ہیلتھ کلینک کوٹلی سید امیر اور گوندل کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کلینک جدید طبی آلات اور ماہر عملے سے لیس ہیں، جہاں مریضوں کو معیاری علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔ڈی ڈی ایچ او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا مشن جاری ہے، اور اس کلینک کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اہل علاقہ کو معیاری علاج فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، کلینک میں تمام طبی خدمات بلا معاوضہ دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہےجس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر آ رہی ہیں۔ماہر ڈاکٹرز اور جدید سہولیات کے ساتھ صحت عامہ کی خدمات میسر ہیں ۔اس موقع پر مقامی شہری بشیر احمد نے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کے صحت کے شعبے میں اقدامات کو سراہا ۔