اے آئی پر مبنی کسٹمز کلیئرنس ،رسک مینجمنٹ سسٹم کااجراء خوش آئند ہے‘ خادم حسین

منگل 8 جولائی 2025 15:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے پہلے مصنوعی ذہانت پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم کے اجراء کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نظام یقینی طور پر شفافیت بڑھانے، انسانی مداخلت کم کرنے اور تجارتی سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا جس سے درآمدوبرآمد کے عمل کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اب تک یہ دیکھا گیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے جو بھی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے وہ اپنی پوری استعداد کے مطابق نتائج نہیں دیتی ، آئرس سسٹم میں بار بار خرابی اس کا واضح ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی سسٹم کے نفاذ سے قبل اس کی استعداد کا پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جائزہ لیا جاناچاہیے اور اس کے بعد اس کا اجراء کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سے رسک مینجمنٹ سسٹم سامان کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ مشین لرننگ کے ذریعے خودکار طور پر مسلسل بہتر ہوتا رہے گا جو خوش آئند پیشرفت ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا رسک مینجمنٹ سسٹم نظام میں شفافیت لائے گا، انسانی مداخلت کو کم کرے گا اور کاروباری برادری کیلئے سہولت فراہم کرے گا جس سے کرپشن کا راستہ بھی رکے گا۔