کراچی، پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

تینوں زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس

منگل 8 جولائی 2025 15:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)شہر قائد کے دو مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے واقعات پیش آئے، جن میں تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔پہلا مقابلہ تھانہ نارتھ ناظم آباد کی حدود میں حیدری صائمہ مال چزیپ سے ناظم آباد جاتے ہوئے ایک پل کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے دو مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔

ملزمان نے فرار کی کوشش کے دوران فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کاشف ولد نور اسلام عمر 18 سال گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی سہیل ولد یاسین عمر 17 سال پل سے گرنے کے باعث زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

دونوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔دوسرا واقعہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) فیز 07، سی آر پٹہ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پر کارروائی کی۔

مقابلے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔زخمی ڈاکو کی شناخت اسرار ولد ذوالفقار، عمر 31 سال کے طور پر ہوئی ہے۔چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔