جیکب آباد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات، مسلح افراد موبائل کی دکان سے 15 موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ نقدی چھین کر فرار

منگل 8 جولائی 2025 18:29

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) جیکب آباد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات، مسلح افراد موبائل کی دکان سے 15 موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ نقدی چھین کر فرار، تاجر برادری کا بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، بدامنی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود موبائل مارکیٹ میں دن دہاڑے نامعلوم مسلح افراد گرنومل کے دوکان میں داخل ہوگئے اور اسلحہ کے زور پر 15 موبائل فونز اور ڈیڑھ لاکھ نقدی چھین کر باآسانی فرار ہوگئے، واقعہ کے خلاف تاجر برادری نے احتجاج کیا، انجمن تاجران کی جانب سے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف احمد علی بروہی، جے یو آئی کے ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکال کر پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا گیا، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں بدامنی عروج پر پہنچ گئی ہے لیکن پولیس امن و امان کو بحال کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے بدامنی کی وجہ سے کاروبار مکمل ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹاہوا سامان اور نقدی برآمد کرائی جائے، اس موقع پر انجمن تاجران نے بدامنی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر امن و امان بحال نہ کیا گیا تو اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔