معاشی تھنک ٹینک نے قرضوں کو منافع بخش سرمایہ کاری پر خرچ کرنے کا مطالبہ کردیا

منگل 8 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)معاشی تھنک ٹینک ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ (ای پی بی ڈی ٹی) نے قرضوں کو منافع بخش سرمایہ کاری پر خرچ کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ای پی بی ڈی ٹی کی رپورٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملکی قرضوں کو غیر ضروری اخراجات کی بجائے بہتر استعمال کیاجائے اور ان قرضوں کے بہتر استعمال کے لیے بنیادی اصلاحات کی جائیں۔

معاشی تھنک ٹینک کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کا 72 کھرب روپے کا قرضہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے۔کہا گیا کہ ملکی قرضے کو بینکوں کے منافع پر خرچ نہ کیا جائے اور نہ ہی ان قرضوں کو سرکاری اداروں کو سبسڈی فراہم کرنے پر ضائع کیا جائے۔معاشی تھنک ٹینک کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی بینک کے معاشی ماہرین بھی ای پی بی ڈی ٹی رپورٹ کی توثیق کر رہے ہیں جب کہ یو این ڈی پی کی تازہ رپورٹ کے مطابق قرضوں کو سرمایہ کاری کی بجائے اخراجات پر استعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومتی قرضوں کی وجہ سے پرائیویٹ سیکٹر کو قرض نہیں مل رہا ہے، پاکستان جی ڈی پی کا 28 فیصد سالانہ قرضہ حاصل کر رہا ہے جب کہ 28 فیصد قرضوں میں سے صرف 2 فیصد قرض ترقیاتی اخراجات پر خرچ ہورہا ہے۔ٹھنک ٹینک کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان میں کاروباری لاگت 11 فیصد تک پہنچ چکی ہے، علاقائی ممالک میں کاروباری لاگت 5.5 فیصد پر ہے۔کہا گیا کہ صنعتوں کے مقابلے میں بینکوں کو گارنٹیڈ منافع دیا جارہا ہے، قرضوں کو کاروباری سرگرمیاں بڑھانے پر استعمال کیا جائے، قرضوں کو برآمدات بڑھانے پر خرچ کیا جائے۔