کاروبار خود مختاری اور خوشحالی کی کنجی ہے،سیمسن اقبال

منگل 8 جولائی 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) صدرکرسچن بزنس الائنس سیمسن اقبال نے کہا ہے کہ کاروبار خود مختاری اور خوشحالی کی کنجی ہے بزنس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے وقت کے ساتھ چلنا ضروری ہے۔ وقت ہی وہ خاموش ساتھی ہے جو لمحہ بہ لمحہ آپ کی رہنمائی کرتا ہے اور صحیح فیصلوں کے ذریعے آپ کو بلندیوں تک پہنچاتا ہے جو افراد وقت کی قدر نہیں کرتے وہ ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسچن بزنس الائنس کے ایک اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمسن اقبال نے کہا کہ آج کا دور جدّت مسابقت اور تیزرفتاری کا دور ہے جو اس رفتار کا حصہ نہیں بنتا وہ مواقع کھو دیتا ہے۔کرسچن بزنس الائنس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستان کے مسیحی افراد کو باوقار، خودمختار اور باعزت زندگی گزارنے کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولنے میں کوشاں ہے ۔ہم اپنے نوجوانوں اور کاروباری طبقے کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بزنس کی طرف آئیں موجودہ دور میں اگر کاروبار کی طرف توجہ نہ دی گئی تو بے شمار معاشی سماجی اور خاندانی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا مسیحی طبقہ ملکی معیشت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔