Live Updates

لاہور،گوجرانولہ اور راولپنڈی ڈویژنز میں مون سون کے دوران40 سے60 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں ،شدید اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے

منگل 8 جولائی 2025 22:30

لاہور،گوجرانولہ اور راولپنڈی ڈویژنز میں مون سون کے دوران40 سے60  فیصد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لاہور،گوجرانولہ اور راولپنڈی ڈویژنز میں مون سون کے دوران نارمل سے 40 سے60 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے،خلیج بنگال سے آنے والے اس شدید بارشوں کے نظام سے کلاڈ برسٹ کی وجہ سے شدید اربن فلڈنگ بھی ہو سکتی ہے،جس کیلئے تمام محکموں کا الرٹ رہنا ضروری ہے۔

ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت منگل کے روز ڈی سی آفس سیالکوٹ میں ایک اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں مون سون بارشوں اور ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی اور اربن فلڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے شہری و دریائی سیلاب سے بچا ئوکی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ مرالہ اپ سٹریم میں72 گھنٹے کے بعد بھی بارش کا مضبوط نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مویشیوں کا انخلا کا بروقت یقینی بنایا جائے اور ونڈا، چارا اور ویکسین سمیت تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیالکوٹ میں100 مزید ٹینٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی اور نالوں کی بروقت ڈی سلٹنگ پر سیالکوٹ انتظامیہ کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے نالہ بھمبر، ایک اور اپر چناب کی صفائی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ د یتے ہو ئے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری، عملہ اور ہنگامی پلان تیار ہیں،سیلابی صورتحال میں متاثرہ آبادی کا فوری انخلا یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپسں کی نشاندہی ہو چکی،کھانے اور صاف پانی کا بھی انتظام ہو گا۔اس مو قع پرکمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کو فوری طور پر خالی کروایا جائے کیونکہ مون سون کے دوران ان کے گرنے سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ خطرناک عمارتوں کو خالی کرنے والے خاندانوں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ ڈویژن کی ایک کروڑ، 60 لاکھ آبادی کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائیں گے اور اس مقصد کیلئے تمام محکمے الرٹ رہیں جبکہ متعلقہ محکموں کے تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نالوں کی ڈی سلٹنگ کا سرٹیفیکیٹ جمع کرائیں جبکہ گیپکو بجلی کے پولز کا تحفظ یقینی بنائے، کمزور اور ٹیڑھے پولز کی فوری مرمت کی جائے کیونکہ شدید بارشوں کی صورت میں یہ حادثہ کا باعث بن سکتے ہیں۔

بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ہیڈ مرالہ کا دورہ کیا جہاں چیف انجینئر لاہور زون نے ہیڈ مرالہ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیڈ مرالہ سے11 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت مرالہ ہیڈ ورک میں پانی کا بہائو 70 ہزار کیوسک ہے۔مرالہ پر ایک لاکھ سے نچلے کے درجے کا سیلاب اور 6 لاکھ پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ہوتا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات