98 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے پاکستانی فلم سازوں سے درخواستیں طلب

بدھ 9 جولائی 2025 15:23

98 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے پاکستانی فلم سازوں سے درخواستیں طلب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے 98 ویں اکیڈمی ایوارڈز(آسکرز)کے لیے بین الاقوامی فیچر فلم ایوارڈ کیٹیگری میں فلم سازوں سے 15 اگست تک فلمیں جمع کرانے کی درخواست کی ہے۔ بین الاقوامی فیچر فلم ایوارڈ کیٹیگری میں ان فلموں کو شامل کیا جاتا ہے جو امریکا سے باہر تیار کی گئی ہوں اور جن کے مکالمات کا کم از کم 50 فیصد حصہ غیر انگریزی زبان میں ہو۔

اس زمرے میں وہ اینیمیٹڈ اور دستاویزی فلمیں بھی شامل کی جا سکتی ہیں جو اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز(اے ایم پی اے ایس)کے مقررہ معیار پر پوری اترتی ہوں۔پریس ریلیز کے مطابق، سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو نجی نامزدگیوں اور حوالہ جات کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے، نامزد کنندگان میں فلمی صنعت کے پیشہ ور افراد، فلم ساز، فنکار اور تکنیکی ماہرین شامل ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا چیئرپرسن سلیکشن کمیٹی کے ممکنہ ارکان کی فہرست انٹرنیشنل فیچر فلم ایگزیکٹو کمیٹی کو منظوری کے لیے پیش کرتا ہے۔کمیٹی اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ ہر رکن انفرادی طور پر تمام فلمیں دیکھے اور ووٹ دے، جس کا طریقہ کار اکیڈمی کے نظام کے مطابق ہوتا ہے۔بعد ازاں، چیئرپرسن اور ان کی ٹیم ووٹوں کی گنتی کرتے ہیں اور اکیڈمی کے ساتھ مل کر اس عمل میں تعاون فراہم کرتے ہیں تاکہ فلم ساز اپنی فلمیں کامیابی سے جمع کرا سکیں، اس کے بعد، کمیٹی ایک فلم کو پاکستان کی سرکاری آسکر نامزدگی کے طور پر منتخب کرتی ہے۔گزشتہ برسوں میں پاکستان کی جانب سے جن فلموں کو نامزد کیا گیا، ان میں دی گلاس ورکر، جوائے لینڈ اور ان فلیمز شامل ہیں۔