راجستھان میں بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک

واقعہ کے فوری بعد مقامی حکام اور آئی اے ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 14:01

راجستھان میں بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 2 افراد ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) راجستھان میں بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک ہو گئے، حکام نے ملبے سے لاشیں نکال لیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز راجستھان کے چورو ضلع میں انڈین ایئر فورس (IAF) کا جیگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے، جڑواں سیٹوں والا طیارہ بھانوڈا گاؤں کے قریب کھیتوں میں گرا، جس کا ملبہ وسیع علاقے میں بکھر گیا اور واقعے کے بعد علاقے میں شدید دھماکے کی آواز سنی گئی۔

سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حادثے کے وقت جہاز میں دو افراد سوار تھے، متضاد اطلاعات میں پہلے کہا گیا کہ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم بعد ازاں فراہم کی جانے والی میں اپ ڈیٹس میں ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی، تاحال سرکاری طور پر مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، واقعہ کے فوری بعد مقامی حکام اور آئی اے ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، سکیورٹی ماہرین نے کہا ہے کہ ان واقعات سے نا صرف بھارتی فضائیہ کی تکنیکی خامیوں اور طیاروں کی ناقص دیکھ بھال پر سوالات اٹھتے ہیں بلکہ اس سے خطے میں دفاعی توازن پر بھی اثر پڑتا ہے اور یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب پاکستان کے ساتھ کشدیگی کے دوران بھارت اپنے طیارے گنوانے کے بعد اپنی فضائی مشقوں کے ذریعے جنگی تیاریوں کو بہتر بنانے کا دعویٰ کر رہا ہے، تاہم بار بار پیش آنے والے حادثات نے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی۔