سندھ ہائی کورٹ نے نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی روکنے، سپرا اور ورکس اینڈ سروسز کو از سر نو ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا

بدھ 9 جولائی 2025 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی کے ٹھیکے کے تنازعے سے متعلق دو نجی کمپنیوں کی درخواست پر نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی روکنے، سپرا اور ورکس اینڈ سروسز کو از سر نو ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے سپرا، ورکس اینڈ سروسز اور دیگر سے 22 جولائی سے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی کے ٹھیکے کے تنازعے سے متعلق دو نجی کمپنیوں نے سپرا کی جانب سے دیئے گئے ٹینڈر کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سپرا نے نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی کا نجی کمپنی کو ٹینڈر جاری کیا۔ سپرا کی نظر ثانی کمیٹی نے بھی ٹینڈر کے اجرا کو مشکوک قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی کیخلاف درخواست کا معاملہ ہی عدالت کا سپرا رولز پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ریویو کمیٹی کی سفارشات کے باوجود ٹینڈر جاری کیا گیا۔ فوکل پرسن ورکس اینڈ سروس نے بتایا کہ ویب سائیٹ پر کچھ مسائل کی وجہ سے ٹینڈر کی تفصیلات تاخیر سے شائع کی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا ہم آپ کے جواب سے مطمئن نہیں ہے۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ ہم چاہتے ہیں ٹینڈر کا عمل شفاف ہو۔ سپرا ریویو کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے۔

چاہتے ہیں پراجیکٹ میں تاخیر نا ہو، سپرا کی ویب سائیٹ ہیک ہوجائے یا کوئی وائرس آجائے، یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔ فوکل پرسن ورکس اینڈ سروسز نے کہا کہ ٹینڈر حاصل کرنے والی کمپنی کو ادائیگی کی جاچکی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیکیدار کہیں بھاگے نہیں جارہے۔ ٹھیکیداروں کو آپ کے ساتھ مزید کام کرنا ہے۔ ٹھیکیداروں سے رقم واپس لی جاسکتی ہے۔ عدالت نے نیب کراچی کے دفتر کی منتقلی روکنے، سپرا اور ورکس اینڈ سروسز کو از سر نو ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سپرا، ورکس اینڈ سروسز اور دیگر سے 22 جولائی سے جواب طلب کرلیا۔