پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور پی ایس بی کے اشتراک سے پہلا اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار اور پہلی نیشنل باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس چیمپئن شپ 10 جولائی کو منعقد ہو گی

بدھ 9 جولائی 2025 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام پہلی نیشنل باڈی بلڈنگ اور فزیک سپورٹس چیمپئن شپ 2025 اور اس کے ساتھ منعقد ہونے والا پہلا اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار جمعرات (10 جولائی )کو لیاقت جمنازیم پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔

ایونٹ میں ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑی سینئر، جونیئر، ماسٹر، ایتھلیٹک فزیک اور سپورٹس فزیک کیٹیگریز میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس قومی چیمپئن شپ کا خاص پہلو یہ ہے کہ ہر کیٹیگری کے کلاس ونر کو 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس چیمپئن شپ 2025 (18 سے 25 اگست بینکاک، تھائی لینڈ) کے لیے سلیکشن کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ یہ بین الاقوامی چیمپئن شپ تھائی لینڈ کی وزارت کھیل کے ساتھ رجسٹرڈ اور اولمپک کمیٹی سے منظور شدہ ہے جو اس ایونٹ کو عالمی سطح پر بھی اہم بناتی ہے۔ چیمپئن شپ کے ساتھ منعقد ہونے والا اینٹی ڈوپنگ سیمینار نوجوان کھلاڑیوں میں شفاف اور منصفانہ کھیل کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ شرکا کو شرکت پر سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔