ٹربیونل نے مسابقتی کمیشن کے فیصلے کے خلاف آئی کیپ کی اپیل خارج کر دی

بدھ 9 جولائی 2025 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) کمپٹیشن ایپلیٹ ٹربیونل نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل خارج کر تے ہوئے کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ مسابقتی کمیشن نے مبینہ طور پر قیمتوں کو فکس کرنے پر آئی کیپ پر جرمانہ عائد کیا تھا۔آئی کیپ نے 2008 میں 197ویں کونسل میٹنگ میں اکاؤنٹنگ ٹیکنیکل ریلیز میں ترمیم کرتے ہوئے سرکاری اداروں کے لئے کم از کم آڈٹ فیس اور فی گھنٹہ ریٹ مقرر کئے تھے۔

مسابقی کمیشن نے اس اقدام کو کمپٹیشن کے قانون کی خلاف ورزی قرار دیااور آئی کیپ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے آئی کیپ کے ممبرز ہینڈ بک سے نکالنے اور دو اخبارات میں وضاحت شائع کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

مزید برآں آئی کیپ پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ آئی کیپ نے اس فیصلے کے خلاف کمپٹیشن ٹربیونل میں اپیل دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران سینئر وکیل ڈاکٹر فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ آئی کیپ ایک قانونی ریگولیٹری ادارہ ہے اور اسے سرکاری اداروں کے لئے کم از کم فیس مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

مسابقتی کمیشن کے قانونی ماہرین نے مؤقف اپنایا کہ ایک ریگولیٹری ادارہ ہونے کے باوجود آئی کیپ کو آزاد مارکیٹ میں قیمتوں کا تعین کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کمیشن نے اس اقدام کو ملی بھگت کے تحت قیمت مقرر کرنے کی ایک واضح مثال قرار دیا جو دنیا بھر کے کمپٹیشن قوانین کے تحت ممنوع ہے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ٹربیونل نے سی سی پی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے آئی کیپ کی اپیل خارج کر دی۔