کلرسیداں ،روات کے علاقے میں ٹک ٹاک نہ ڈیلیٹ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا،ملزم گرفتار

بدھ 9 جولائی 2025 18:07

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) تھانہ روات کے علاقے میں ٹک ٹاک نہ ڈیلیٹ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم اخلاق احمد کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔واقعہ تھانہ روات کی حدود میں پیش آیا جہاں اخلاق احمد نامی شخص نے اپنی میٹرک کی طالبہ بیٹی مہک شہزادی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مہک شہزادی کے موبائل میں ٹک ٹاک ایپ موجود تھی جسے ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے طیش میں آ کر انتہائی قدم اٹھایا۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایک ٹیم کی سربراہی ایس ایچ او تھانہ روات، دوسری کی ہونی سائیڈ انویسٹی گیشن یونٹ کے انچارج جمال اور تیسری خصوصی ٹیم کی قیادت ایک سینئر پولیس افسر کے سپرد کی گئی۔ تمام ٹیموں کی نگرانی ایس پی صدر کر رہے تھے ۔کارروائی کے دوران ملزم اخلاق احمد کو گرفتار کر کے تھانہ روات منتقل کر دیا گیا جبکہ آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق مقتولہ مہک شہزادی ایک ذہین طالبہ تھی اور سوشل میڈیا پر فعال تھی۔