سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کی ملاقات

بدھ 9 جولائی 2025 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے بدھ کے روز امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے یہاں محکمہ داخلہ آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب کو محفوظ بنا رہے ہیں۔

حکومت پنجاب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدیدآلات فراہم کیے اور تمام مجرمان کا ڈیٹا آن لائن کیا گیا ہے۔ سول ڈیفنس کو بم ڈسپوزل سکواڈ کیلئے روبوٹ فراہم کر رہے ہیں جبکہ کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن کیلئے پے لوڈ ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کیلئے 14 جدید چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جیل ریفارمز پر بہت محنت ہوئی اور اسیران کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس ضمن میں اسیران کو تکنیکی تربیت دیکر معاشی خودکفالت کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کا مفید حصہ بنا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شہریوں کی فلاح کیلئے قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کیلئے عوامی آگاہی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ امن کمیٹیوں کا کردار بھی قابل تعریف رہا۔ محکمہ داخلہ پنجاب امن و امان کے قیام کیساتھ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے پلیٹ فارم سے معصوم بچوں کی فلاح کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ دونوں ممالک کی سلامتی کیلئے مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کریں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی احسان جمالی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عمران رانجھا اور ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار بھی اس موقع پر موجود تھے۔