اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی نئی تاریخ رقم‘ مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ 21.34 ارب روپے ریونیو وصولی

بدھ 9 جولائی 2025 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نے مالی سال 2024-25 کے دوران ٹیکس وصولی میں نئی تاریخ رقم کر دی، اور ریکارڈ 21 ارب 34 کروڑ روپے سرکاری خزانے میں جمع کروا کر اپنی کارکردگی کا لوہا منوا لیا۔ ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد بلال اعظم کے مطابق رواں مالی سال میں حاصل کی گئی ٹیکس آمدن نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جب کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 4 ارب 11 کروڑ روپے زائد ریونیو اکٹھا کیا گیا۔

مالی سال 2023-24 میں مجموعی ریونیو 17 ارب 23 کروڑ روپے رہا تھا۔ بلال اعظم نے اس شاندار کامیابی کا سہرا چیف کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوا کی مؤثر پالیسیوں اور ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی قیادت کو دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے گزشتہ پانچ سالوں میں ٹیکس وصولی میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایکسائز اسلام آباد کی جدید سہولیات، جیسے گاڑیوں کی گھر بیٹھے رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی آن لائن ادائیگی، اور شہریوں کے دروازے تک سروسز کی فراہمی نے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بڑھایا، جس کے نتیجے میں ریکارڈ ریونیو حاصل ہوا۔

شہر کی سڑکوں، پارکوں اور مارکیٹوں تک جدید اور مربوط سروسز کی دستیابی نے اسلام آباد ایکسائز کی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے، جو دیگر صوبوں کے لیے بھی قابل تقلید ماڈل بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :