جامعہ سندھ کا 106 امیدواروں کو پی ایچ ڈی و ایم فل کی اسناد دینے کی منظوری

بدھ 9 جولائی 2025 22:57

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) جامعہ سندھ جامشورو کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے 155 ویں اجلاس میں پی ایچ ڈی و ایم فل/ ایم ایس کے 106 امیدواروں کو اسناد دینے کی منظوری دے دی گئی ۔ بدھ کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران نیچرل سائنسز، اسلامک اسٹڈیز، فارمیسی، سوشل سائنسز، تعلیم و آرٹس فیکلٹیز کے مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کے 40 اور ایم فل/ایم ایس کے 66 امیدواروں کو اسناد دینے کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاس اب ہر دو ماہ بعد منعقد ہونگے تاہم اسکروٹنی کمیٹیوں کے اجلاس ہر ماہ منعقد کیے جائیں گے تاکہ فائیلز بورڈ کو جلد بھیجی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایم فل و پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جائے گا۔ اجلاس کی خاص بات یہ ہے کہ جامعہ سندھ کی جانب سے صوبے میں پہلی بار جینڈر اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی دو اسناد جاری کی گئی ہیں، جس پر فخر کیا جا سکتا ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کی جانب سے دو اسکالرز کو پی ایچ ڈی کی اسناد دی گئی ہیں جن کی نگرانی سابقہ ڈائریکٹر و موجودہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی، ڈاکٹر محمد علی گھوٹو، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز ڈاکٹر نیک محمد شیخ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر نانک رام، پی وی سی ٹھٹھہ کیمپس ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، ڈین فیکلٹی آف اسلامک کلچر ڈاکٹر حافظ منیر احمد خان، ڈین فیکلٹی آف کامرس ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف لا احمد لقمان میمن، ڈاکٹر نظام الدین چنہ، ڈاکٹر نور محمد شاہ، ڈائریکٹر کیو ای سی الطاف حسین نظامانی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لا ڈاکٹر سردار علی شاہ، ڈاکٹر عاطف حسین منگی، ڈاکٹر محمد یوسف سومرو اور بابر پٹھان نے شرکت کی۔