فاطمہ جناح کی زندگی کا ہر لمحہ آج کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے،پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، مقصودہ انصاری

بدھ 9 جولائی 2025 23:14

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مسز مقصودہ انصاری نے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح ؒ ایک اصول پسند ، اسلام پسند ، روایت پسند اور اورسراپا محبت خاتون تھیں۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ آج کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 58 ویں برسی کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن،خواتین یونیورسٹی ملتان اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیر اہتمام ملتان پوسٹ گریجویٹ کالج کے تعاون سے خواتین یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ سالانہ ” مادر ملت فاطمہ جناح کانفرنس اینڈ ایوارڈز 2025ء “سے خطاب میں کیا ۔

مہمانان خاص میں پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بی زیڈیو ملتان ڈاکٹر مرید حسین ملک، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، خاتون سماجی رہنما ایگزیکٹو ممبر اپوا مسز طاہرہ نجم شریک تھے۔

(جاری ہے)

مادر ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ ملک میں جمہوری روایات کی علمبردار تھیں۔

اس ساری کاوش کے عوض وہ کسی بھی عہدے کی دعویدار نہ تھیں، کسی بھی قسم کے لالچ سے بے نیاز ہوکر محترمہ فاطمہ جناحؒ نے برصغیر کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔ وہ سمجھتی تھیں کہ خواتین کے فعال کردار کے بغیر تحریک پاکستان کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی۔ چنانچہ انہوں نے پورے برصغیر کی خواتین میں ایک نئی روح پھونک دی۔ نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح آج کی خواتین کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ دریں اثنا ءاس موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کی طرف سے خواتین یونیورسٹی ملتان کی اعلیٰ تعلیمی خدمات سر انجام دینے والی فیکلٹی ممبران میں تحائف تقسیم کیے گئے۔