سوات میں انٹی ریپ کرائسس سیل کا افتتاح، عدلیہ اور یو این وومن کی مشترکہ کاوش

بدھ 9 جولائی 2025 19:55

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال میں یو این وومن کے تعاون سے انسداد عصمت دری کرائسز سیل کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسد حمید خان نے کہا کہ عدلیہ ریاست کا مضبوط ستون ہے جو عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ جنسی زیادتی، ہراسمنٹ اور ایسے دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے معاشرے میں وسیع پیمانے پر آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے، خصوصا تعلیمی اداروں میں سیمینارز اور سیشنز کے ذریعے۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹو سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد، ایس پی غلام صادق، ڈی پی پی سید نعیم، ڈاکٹر انور زیب، ڈاکٹر طارق خان، یو این وومن کے نمائندہ شیر خان، معروف سماجی کارکن سمرین حکیم ایڈووکیٹ، معزز ججز، وکلا اور ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ یہ مرکز وزارت قانون و انصاف کی ہدایت اور یو این وومن کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد متاثرین کو فوری، محفوظ، اور باعزت سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم کے انسداد کے لیے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مثر طریقہ کار نہایت ضروری ہے، اور عدلیہ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کرے گی۔تقریب کے دوران مقررین نے بتایا کہ انٹی ریپ کرائسس سیل نہ صرف خواتین بلکہ بچوں، خواجہ سرا اور مرد متاثرین کو بھی طبی، قانونی، نفسیاتی اور اخلاقی امداد فراہم کرے گا۔ اس سیل میں تمام خدمات رازداری کے اعلی معیار کے تحت مہیا کی جائیں گی۔

آخر میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسد حمید خان اور دیگر مہمانوں نے ARCC کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور اسے عصمت دری جیسے سنگین جرائم کے خلاف ایک مثر قدم قرار دیا۔ مقررین نے زور دیا کہ اس اقدام سے نہ صرف متاثرہ افراد کو سہارا ملے گا بلکہ انصاف کے حصول کا عمل بھی آسان تر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :