ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی اور حاصل پور کا دورہ

بدھ 9 جولائی 2025 21:10

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی اور حاصل پور کا دورہ کیا۔انہوں نے ایمرجنسی،آؤٹ ڈور،لیبر روم، آپریشن تھیٹر،فارمیسی اور دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی،صفائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔

انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے علاج معالجے اور سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی اور ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرناحکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے خیرپور ٹامیوالی کے دورہ کے دوران اڈہ غریب آباد میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ایکسین ہائی وے نے پختہ سڑ ک کے کاموں بارے بریفنگ دی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے لال سوہانرامیں ٹمبر مارکیٹ کی زیر تعمیر چار دیواری کے منصوبے کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، ایکسیئن بلڈنگز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور فارسٹ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چار دیواری کی تعمیر سے ٹمبر مارکیٹ کے سکیورٹی مسائل ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کام بروقت اوراعلی کوالٹی کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔