ذاتی ، گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر جمہوری اقدار کی بحالی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد کر رہے ہیں،سینیٹر مولانا عبدالواسع

بدھ 9 جولائی 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہم ہر طرح کے ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف جمہوری اقدار کی بحالی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد کر رہے ہیں،ہمارا مشن ملک میں آئین اور جمہوری نظام کی بالادستی ہے، اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

جاری بیان میںانہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ پٴْرامن اور عدم تشدد کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدوجہد کی ہے اور اسی حکمتِ عملی کے تحت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آج ملک کی سب سے منظم اور مضبوط عوامی قوت جمعیت علمائے اسلام ہے، جسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ملکی مفاد اور استحکام کی خاطر ہم تاحال صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں، مگر حکومت کا رویہ ہمیں مجبور کر رہا ہے کہ ہم عوام کی آواز بن کر عملی میدان میں اتریں۔

(جاری ہے)

وہ تمام سازشیں جو دن کی روشنی میں بے خوف و خطر جمعیت علمائے اسلام کے خلاف رچی گئیں، دنیا نے کھلی آنکھوں سے دیکھ لیں۔ ہمارا اصول یہی ہے کہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے ہر سازش کو بے نقاب کریں گے اور ہر شریکِ جرم کو عوام کے سامنے لا کر ہی دم لیں گے۔سازشی عناصر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہماری سب سے بڑی کمزوری ہمارا پٴْرامن طرزِ سیاست ہے، لیکن ہم انہیں واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم کسی بھی صورت اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم مزاحمت کریں گے، قربانیاں دیں گے، مگر اپنے مشن سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ یہ ہمارے اسلاف کی روشن روایت ہے، جس پر ہم قائم رہیں گے۔