ٓفیک انرولمنٹ ناقابل قبول، ایسے ضلع کے تعلیمی افسران کے خلاف زیرو ٹالیرنس ہوگی: وزیر تعلیم

رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس، سکولوں کی بہتری، اپ گریڈیشن، سہولیات فراہمی بارے پیش رفت پر بریفنگ تمام اضلاع میں دو سے چار سکولوں کو سکول آف ایمیمنس قرار دینے کا فیصلہ، سکول منتخب کرنے کی ہدایت

بدھ 9 جولائی 2025 21:20

ذ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت سکولوں کی بہتری حوالے سے ایک ہفتے میں مسلسل دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے تمام سی ای اوز کو سکولوں کی بہتری کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اور سکولوں کی اپ گریڈیشن اور سہولیات کا فقدان دور کرنے کیلئے پیشرفت پر بریفنگ لی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز بہتر سے بہتر بنائی جائیں اور گراؤنڈز، فرنیچر، کلاس رومز، صاف پانی، چار دیواری سمیت دیگر سہولیات کا فقدان دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرپلس فرنیچر کی مرمت کو ترجیح دی جائے اور جہاں ضرورت ہو نیا فرنیچر مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ سکولوں کی چار دیواری مکمل کرنے اور انرولمنٹ بڑھانے پر فوکس کیا جائے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے سی ای اوز کو تمام سکیمیں 15 جولائی تک فائنل کر کے ریویو کیلئے پیش کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کم لاگت میں معیاری کام کر کے دکھانا اور ٹیکس کا پیسہ بچانا ہے۔

وزیر تعلیم نے اجلاس کو گرلز سکولوں میں سے ڈے کئیر سنٹر بنانے اور جہاں گنجائش موجود اور ضرورت ہو، وہاں ہاسٹل کی سہولت بھی مہیا کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ فیک انرولمنٹ ناقابل قبول ہے۔ ایسے ضلع کے تعلیمی افسران کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی ہوگی۔ اجلاس میں تمام اضلاع میں دو سے چار سکولوں کو سکول آف ایمیمنس قرار دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے ایجوکیشن افسران کو ہر ضلع میں دو اربن اور دو رورل ایریا کے سکولوں کو منتخب کر کے ان کا لے آئوٹ تیار کرنے اور آئندہ اجلاس میں ریویو کیلئے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔