ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر7کروڑ75لاکھ روپے جرمانہ 728 ایف آئی آر درج

بدھ 9 جولائی 2025 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)راولپنڈی حسان طارق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس، تعلیم، صحت،میونسپل کارپوریشن،واسا، آئیسکو،اینٹی نارکوٹکس،شہری دفاع اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں سرکاری محکموں کی ماہانہ کارکردگی کاجائزہ لیاگیا جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی اور اس میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیاگیا۔

ایس پی ٹریفک منیر ہاشمی نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر7کروڑ75لاکھ روپے جرمانہ 728 ایف آئی آر درج کی گئیں اور کل 148600 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ شہری دفاع کی طرف سے اجلاس میں بتایاگیا کہ 118 پوانٹس کی چیکنگ کی گئی اور خلاف ورزی پر پندرہ پوائنٹس کو سیل کیاگیا اور 8 کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

(جاری ہے)

شہر سے گداگری کی لعنت کے خاتمے کے لئے تیس ایف آئی آر بھی درج ہوئیں۔

شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے پندرہ ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ محکمہ انٹی نارکوٹکس کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ 212 کیسز ہوئے ہیں جس میں 21۔ افرادکو گرفتار کیاگیا ہے 255 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی چیکنگ مہم میں تین ٹیموں نے 450 گاڑیوں کو چیک کیا گیااور سات گاڑیوں کو بندکیاگیاہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اس فورم کو صحیح معنوں میں متحرک دیکھنا چاہتی ہیں اور اب روائتی اجلاس نہیں ہونگے۔ہرادارے کو اپنی ماہانہ کارکردگی میں بہتری لاکردکھانا ہوگی تاکہ کام ہوتا ہوا نظر آئے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ آئندہ اجلاس میں بہتر تیاری کے ساتھ آئیں۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت عملی اقدامات پریقین رکھتی ہے اور روائتی جوابات سے کام نہیں چلے گا۔