ڈیرہ اسماعیل خان ،پہاڑپور کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق، ریسکیو 1122 کی فوری امدادی کارروائی

جمعرات 10 جولائی 2025 15:52

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے کڑی خیسور چشمہ روڈ پر ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں جی ایل آئی کار اور ہینو ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ کی نگرانی میں فوری امدادی کارروائی شروع کی۔

ریسکیو ٹیم نے دو ایمبولینسز اور ایک ریکوری وہیکل کے ذریعے حادثہ مقام پر پہنچ کر پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ - تمام جاں بحق افراد کو تباہ شدہ کار سے نکال کر پہاڑپور ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ مقامی پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق کار تیزی سے چل رہی تھی اور ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔

جاں بحق افراد کی شناخت رودہ منیر بنت منیر خان (خاتون) محمد معتصم ولد منیر خان محمد طلحہٰ ولد منیر خان یہ تینوں بہن بھائی ظفر آباد کالونی، ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی تھے۔ وسیم اللہ ولد قیوم خان (کار ڈرائیور) مزمل ولد نامعلوم (ساکن بنوں، رشتہ دار) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ .ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ساتھ ہی، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران رفتار پر کنٹرول رکھیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں تاکہ ایسے المناک واقعات کو روکا جا سکے ۔ ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان حال ہی میں مون سون اور سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تربیتی مشقیں بھی کر رہا ہے، جس میں روپ تھرو گن کے استعمال سمیت جدید تکنیکوں پر عملدرآمد کیا گیا ۔ اس سے قبل بھی محلہ حیات اللہ میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں ایک معصوم شہری جاں بحق ہوا تھا، جہاں ریسکیو 1122 نے بروقت رسپانس دیا تھا ۔\378