مستحکم میڈیا صحیح معلومات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، سینیٹر سرمد علی

جمعرات 10 جولائی 2025 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سینیٹر و چیئرمین آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی سینیٹر سرمد علی کی فیصل زاہد ملک چیئرمین اے پی این ایس اسلام آباد،خوشنود علی خان،انصر بھٹی و دیگر ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی اور صدارت میں ایک سالہ توسیع پر مبارکباد دی۔ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر،نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون،نائب صدر ذکی اعجاز،چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈنیشن ملک سہیل بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملکی معیشت، میڈیا صنعت کو درپیش چیلنجز اور بالخصوص بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ ایک مستحکم میڈیا کاروباری طبقے کے لئے صحیح معلومات کی فراہمی، مارکیٹ کے رجحانات اجاگر کرنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا میڈیا کی مشکلات کا حل بالآخر بزنس کمیونٹی کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا ایک روشن چہرہ ہے۔انہوں نے میڈیا کی اس اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ میڈیا اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایف پی سی سی آئی، میڈیا صنعت کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ مشترکہ آواز اٹھائے گا۔

فیصل زاہد ملک، چیئرمین اے پی این ایس فیڈرل کمیٹی، نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کو مدعو کیا۔ انہوں نے میڈیا اور فیڈریشن کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور خدشات کو ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔

صدر فیڈریشن عاطف اکرام اور سینیٹر سرمد علی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ملک میں اقتصادی استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کاروباری برادری اور میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں بھی ایسے تعمیری ملاقات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔