محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے،سی پی او راولپنڈی

جمعرات 10 جولائی 2025 16:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، کسی بھی شخص کو اپنے قول و فعل سے دوسروں کی دل آزاری و اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو تمام ایسے شرپسند عناصر کو مانیٹر کررہا ہے جوکہ فرقہ وارانہ مواد دوسروں کو پھیلا رہے ہیں۔سی پی او نے بتایا کہ راولپنڈی راول سرکل کی حدود میں واقع تھانہ سٹی کی پولیس نے متعدد شرپسند عناصر کے خلاف جوکہ گستاخانہ الفاظ کی ادائیگی و تشہیر میں ملوث تھے تعزیرات پاکستان کی دفعات 298Aاور 505 کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیموں نے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔