وفاقی محتسب اعلیٰ خواتین فوزیہ وقار کی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 17:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی محتسب اعلیٰ خواتین فوزیہ وقار نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان سے جمعرات کو یہاں جنوبی پنجاب پولیس آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر ،اے آئی جی انوسٹی گیشن جنوبی پنجاب جاوید اقبال خان ،ایس پی انوسٹی گیشن ملتان عمران احمد،ایس پی کینٹ کائنات اظہر،سپرنٹنڈنٹ وومن جیل پولیس ملتان فریحہ اشرف ،اے ایس پی بریرہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات خواتین کے تحفظ، ہراسانی کے انسداد اور پولیس میں خواتین کی شمولیت کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے جنوبی پنجاب میں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر وفاقی محتسب اعلی خواتین کو بریفنگ دی جبکہ وفاقی محتسب اعلیٰ نے قانون پرعملدرآمد اورخواتین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے پرزوردیا۔ملاقات کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے وفاقی محتسب اعلیٰ فوزیہ وقار کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :