وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی سیکرٹری توانائی پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 17:51

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے سیکرٹری توانائی پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید سے ملاقات کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ڈاکٹر فرخ نوید کو حکومت پنجاب کے محکمہ توانائی کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وائس چانسلر نے محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب میں ڈاکٹر فرخ نوید کی قابل ستائش خدمات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بجلی کے مسائل بالخصوص یونیورسٹی کیمپس کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ وائس چانسلر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 2.5 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکرٹری توانائی سے عباسیہ کیمپس اور بغداد الجدید کیمپس کی عمارتوں پر نصب سولر پینلز کو فعال کرنے کے لیے تعاون کی درخواست کی۔

ڈاکٹر فرخ نوید نے وائس چانسلر کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور خطے کی صف اول کی یونیورسٹی ہے اور وہ یونیورسٹی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا سولر پلانٹ پنجاب کے انرجی ڈیپارٹمنٹ نے قائم کیا ہے اور اس کے فعال کام کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کیمپس میں دیگر سولر تنصیبات کی بحالی میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔