آزاد کشمیر انتخابات ،ن لیگ نے تنظیمی و انتخابی حکمت عملی کے لیے مشاورتی کمیٹی قائم کر دی

جمعرات 10 جولائی 2025 21:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھرپور سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے اعلیٰ سطحی مشاورتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ مشاورتی کمیٹی کا پہلا اجلاس رانا ثنااللہ کی زیر صدارت منعقد ہو چکا ہے، جس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، جو کہ ن لیگ خیبرپختونخوا کے صدر بھی ہیں، کو شامل کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، اور ڈاکٹر نجیب نقی خان بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ن لیگ آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی کو بھی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی آزاد کشمیر میں ن لیگ کی تنظیمی فعالیت اور انتخابی حکمت عملی کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔