حیدر آباد، سورھیہ بادشاہ سٹیڈیم میں محکمہ کھیل کی جانب سے ’’سٹریٹ چلڈرن گیمز‘‘ کی تقریب کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

جمعرات 10 جولائی 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سورھیہ بادشاہ سٹیڈیم میں محکمہ کھیل کی جانب سے ’’سٹریٹ چلڈرن گیمز‘‘ کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی ،جس میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، چیئرمین ضلع کونسل سانگھڑ سید ریاض حسین شاہ خراسانی اور اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سٹیڈیم پہنچنے پر سپورٹس آفیسر سانگھڑ کائنات قمر نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں روایتی تحائف پیش کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے کہا کہ ’’سٹریٹ چلڈرن گیمز‘‘ کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے انتہائی مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں سے بچے نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

چیئرمین ضلع کونسل سید ریاض حسین شاہ خراسانی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر، چیئرمین ضلع کونسل، اسسٹنٹ کمشنر، چیف میونسپل آفیسر اور سپورٹس آفیسر نے بچیوں کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لیا، جس سے بچیوں میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔

متعلقہ عنوان :