مخیر حضرات نے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈائلسز سینٹر کی اپگریڈیشن و مریضوں کی سہولت کیلئے عطیات فراہم کر دیئے

جمعرات 10 جولائی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) مخیر حضرات نے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈائلسز سینٹر کی اپگریڈیشن اور مریضوں کی سہولت کے لیے عطیات فراہم کر دیئے۔اس حوالے سے جمعرات کے روز لاہور جنرل ہسپتال میں ایک تقریب منعقد ہوئی،جس میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے مخیر حضرات سے یہ عطیے وصول کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق مریضوں کو ہر سال 18 ہزار سے زائد ڈائیلاسز سیشنز مکمل طور پر مفت فراہم کرتا ہے، مخیر حضرات کی طرف سے فراہم کردہ ان عطیات سے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ میں نمایاں بہتری آئے گی، یہ سب مخیر حضرات کے تعاون اور عطیات کی بدولت ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے کشادہ دست فراخ دل حضرات جو دکھی انسانیت پر اپنا پیسہ خرچ کرتے ہیں در حقیقت وہی ان کے دکھ درد کے ساتھی ہوتے ہیں،انکی یہ کاوش اور نیکی اللہ تعالی کے حضور ضرور قبول ہوگی۔ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے بتایا کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مخیر حضرات کی طرف سے جدید پورٹیبل الٹراسانڈ مشینیں ،کارڈیک مانیٹرز ،ڈیفبریلیٹرز ،بی پی اپریٹس ،کریش کارٹ ٹرالیاں، ادویات سمیت ڈائیلاسز کی خدمات کے معیار اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی بھی یونٹ کو فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا نے یہ اقدامات ڈائیلاسز سینٹر کو ایک جدید ترین طبی سہولت میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہیں تاکہ مستحق مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق بروقت، ہمدردانہ اور جدید علاج میسر آ سکے۔