گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ کی ملاقات

بدھ 10 ستمبر 2025 13:19

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ کی بدھ کے روز گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہائوس کے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ کو پشاور تعیناتی پر مبارکباد پیش کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ عوامی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی قونصل جنرل کو صوبہ کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کیا ۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاک امریکہ دوطرفہ سفارتی تعلقات کی ایک تاریخ ہے، امریکہ کے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں ترقیاتی شراکتداری کے منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امریکن حکومت صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں تعاون بڑھائے،صوبہ کے نوجوان تمام شعبوں بالخصوص کھیل کے میدان میں کمال صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی شراکتدار دوست ممالک کیساتھ ملکر اپنے نوجوانوں کو کھیل سمیت تمام شعبوں میں آگے لانا چاہتے ہیں، خیبرختونخوا کو اس وقت دہشتگردی اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں زرعی شعبہ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو کاشت کے قابل بنا کر زرعی شعبہ میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں امریکن قونصل جنرل نے مہمان نوازی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا ۔امریکن قونصل جنرل کا مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکتی منصوبوں کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔