Live Updates

پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلابی ریلہ سندھ میں داخل ہو گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 14:07

پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلابی ریلہ سندھ میں داخل ہو گیا
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلابی ریلہ آہستہ آہستہ سندھ میں داخل ہونے لگا ، کچے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ آبپاشی حکام کے مطابق گڈو بیراج پرمکمل طور پر سیلابی ریلہ اب گیارہ ستمبر کو داخل ہونے کا امکان ہے ۔ سکھر بیراج پر بڑا سیلابی ریلہ بارہ سے تیرہ ستمبر کے درمیان داخل ہوگا جبکہ گدو اور سکھر کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے،48گھنٹے میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں ایک لاکھ کیوسک سے زائد اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

گڈو بیراج پر بدھ کی صبح 6 بجے پانی کی آمد 502844 اور اخراج 492443کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ سکھر بیراج پرگذشتہ 48 گھنٹے میں پانی کی سطح ساٹھ ہزار کیوسک بلند ہوئی ۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 400405 اور اخراج 382355 کیوسک ریکارڈ کی گئی ۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 253145 اور اخراج 251745 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں ۔سکھر انتظامیہ اور دیگر اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ لوگوں سے کچے سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں جبکہ متعدد افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات