پاکستان جوہری طاقت ،پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو جوہری طاقت سے محروم نہیں کر سکتی، چیئرمین قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار

جمعرات 10 جولائی 2025 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ڈکلیرڈ جوہری طاقت ہے اور پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہاتھوں میں ہے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو اس جوہری طاقت سے محروم نہیں کر سکتی پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو خوب سمجھتا ہے پاکستان کی جوہری صلاحیت پاکستان کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے پاکستان کا دشمن پاکستان کے خلاف جارحیت کے ارتکاب سے پہلے ہزار بار سوچے گا افواج پاکستان نے حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا لوہا منوایا ہے جسکی ساری دنیا معترف ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارمحمد عبدالقادر نے کہاکہ افواج پاکستان کی عسکری مہارت نے بھارت کا پتہ پانی کر دیا ہے پاکستان اپنی تمام تر عسکری صلاحیتوں اور جوہری طاقت کے ساتھ متوازن اور خوشگوار تعلقات کے فروغ کا حامی رہا ہے پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا لیکن اگر پاکستان کے خلاف جارحیت کا سوچا بھی گیا تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں 2019 میں بھی بھارت نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی جسارت کی تھی جسے پاکستان کی با صلاحیت فضائیہ نے بہادری سے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پاکستانی حدود میں گرفتار بھی کر لیا معرکہ حق بنیان المرصوص 2025 میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا. بھارت اس شرمناک شکست کے زخم دہائیوں تک چاٹتا رہے گا۔