فلٹریشن پلانٹس لگانے کے لئے جگہوں کی نشاندہی شروع کروا دی ہے، کمشنر راولپنڈی

جمعرات 10 جولائی 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی نے ڈویژن بھر میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کے لئے جگہوں کی نشاندہی شروع کروا دی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ضرورت کی بنیاد پر ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں پر فلٹریشن پلانٹس لگا کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے خاص طور پر جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں صاف پانی کے پراجیکٹس جلد شروع کرنے، اور پینے کے صاف پانی کے لیے پائپ لائنیں بچھانے کے منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے مری میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور راولپنڈی کے نالہ لئی کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کو جلد عملی شکل دینے کا عندیہ بھی دیا ہے جس سے جڑواں شہروں کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔پینے کے صاف پانی کے حوالے سے منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی، واسا، پبلک ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی سمیت ڈویژن بھر میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا جائے۔ انہوں نے پانی کی فلٹریشن کے مقامات کی نشاندہی کرنے، فلٹریشن پلانٹس کی حالت کا جائزہ لینے اور جہاں ضرورت ہو وہاں نئے پلانٹس کی تنصیب کی سفارشات آئندہ دو دنوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور حکومت پنجاب اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری کے ساتھ اس پر جامع حکمت عملی مرتب کریں تاکہ منصوبوں پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔