بلوچستان میں شہید ہونے والے پنجاب کے شہریوں کی میتیں ڈیرہ غازی خان میں وصول، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا اظہارِ افسوس

جمعہ 11 جولائی 2025 09:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) بلوچستان میں دہشتگردی کا ایک اور دل خراش واقعہ، فتنہ الہدوستاون کے دہشت گردوں نے شناخت کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 شہریوں کو بسوں سے اتار کر بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ سانحے میں شہید ہونے والے افراد کی میتیں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور بارڈر ملٹری پولیس کے کمانڈنٹ محمد اسد خان چانڈیہ نے وصول کیں۔

پنجاب کی حدود میں واقع بواٹہ چیک پوسٹ پر شہداء کی لاشیں بلوچستان سے موصول ہوئیں،انتظامیہ کی نگرانی میں شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ شہداء کا تعلق لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانوالہ، دنیاپور، ڈیرہ غازی خان، چوک قریشی اور اٹک سے بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شہداء کی شناخت میں دو سگے بھائی جابر اور عثمان کا تعلق دنیا پور سے ہے جو اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

محمد عرفان ولد غلام اکبر کا تعلق ڈیرہ غازی خان،صابر حسین ولد محمد ریاض کا تعلق گوجرانوالہ،محمد آصف ولد سلطان کا تعلق چوک قریشی،غلام سعید ولد غلام سرور کا تعلق خانیوال، محمد جنید کا تعلق لاہور ،محمد بلال ولد عبد الوحید کا تعلق اٹک اور شہید بلاول کا تعلق گجرات سے بتایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد اور کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس محمد اسد خان چانڈیہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر میتوں کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے متعلقہ اضلاع کو روانہ کیا۔

اس موقع پر افسران کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں تاکہ لاشوں کی منتقلی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔