فیصل آبادغلہ منڈی شہر سے باہر نہیں جا رہی،چوہدری عابد شیر علی،میاں طاہر جمیل

جمعہ 11 جولائی 2025 10:45

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)سابق وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی، سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل اور سٹی صدر انجمن تاجران رجسٹرڈ سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا نے غلہ منڈی میں انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (انصاف گروپ) کی طرف سی20لاکھ روپے کی لاگت سے لگائی جانے والی LEDلائٹس کا افتتاح کر دیا۔ سیکر ٹری مارکیٹ کمیٹی اظہر کمبوہ،چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن ہمایوں، سرپرست اعلیٰ حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،صدر حاجی سردار محمد،جنرل سیکر ٹری حافظ عبدالقیوم،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ،میاں سعید، میاں محمد اشرف،حاجی تاج رحمانی اور دیگرسینئر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر چوہدری عابد شیر علی نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلہ منڈی شہر سے باہر نہیں جا رہی،جو لوگ یہ خواب دیکھ رہے ہیں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔کوئی بھی منصوبہ آڑھتیوں کی مشاورت کے بغیر نہیں شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت 20لاکھ روپے کی لاگت سے LEDلائٹس کی تنصیب بلا شبہ انصاف گروپ کا عظیم منصوبہ ہے جس پر چیئر مین رانا طیب خاں اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

غلہ منڈی کا کوئی بھی منصوبہ جو سرکاری ہو یا غیر سرکاری آڑھتیوں کی مشاورت سے مکمل کریں گے۔سیوریج سسٹم،سڑکوں کی تعمیر کے لئے قبل ازیں 6کروڑ روپے کے فنڈز بھی انصاف گروپ کی مشاورت سے جاری کئے تھے۔غلہ منڈی ان کے انتخابی حلقہ میں آتی ہے اس لئے اگر آڑھتیوں کی مشاورت اور رضا مندی کے بغیر انہیں کوئی یہاں سے منتقل نہیں کر سکتا جو لوگ یہ خواب دیکھ کر اپنی دیہاڑیاں لگانے کے چکر میں ہیں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔

میاں طاہر جمیل نے کہا کہ بعض افراد پرائیویٹ طور پر غلہ منڈی شہر سے باہر منظور کروانے کے چکر میں ہیں لیکن پنجاب حکومت کی طرف سے ایسا کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں ہے میں بطور ایم پی اے اپنے غلہ منڈی کے تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔سٹی صدر انجمن تاجران خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا کہ مخالفین انصاف گروپ کی کار کر دگی سے بوکھلا گئے ہیں اور طرح طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ انجمن تاجران سٹی چٹان کی طرح انصاف گروپ کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف گروپ نے دو سالوں میں منڈی میں جتنے ترقیاتی کام کروائے ہیں اس سے مخالفین حواس باختہ ہو گئے ہیں۔وہ الیکشن کے ذریعے سے تو ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے تھے اس لئے انہوں نے ڈارئنگ روم میں بیٹھ کر چند افراد پر مشتمل اپنی یونین بنا لی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی شیخ محسن ہمایوں نے کہا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن طور پر اپنا کاروبار جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

مخالفین انتشار کی سیاست کر کے انہیں ترقیاتی کاموں اور منڈی کے آڑھتیوں کے فلاحی منصوبوں کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن انہیں ہر بار بھرپور جواب ملتا ہے۔مخالفین اپنی20سالہ دور اقتدار میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ نہیں دے سکے۔سیوریج منصوبے کے گٹروں پر کھڑے ہو کر فوٹو سیشن کر کے بتا رہے ہیں کہ یہ ان کے دور کا منصوبہ ہے لیکن کوئی مان ہی نہیں رہا، اب غلہ منڈی کے باشعور ممبران کو سمجھ آ گئی ہے کہ ان کا کیا کردار رہا ہے۔

چیئر مین انصاف گروپ رانا طیب خاں نے کہا کہ ماہ مئی میں ان کی یونین کو 604ممبران اور ماہ جون میں608ممبران نے یونین کا فنڈز دیا ہے جو ان پر مکمل اعتماد مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ منڈی کا فنڈ منڈی کے ممبران پر ہی خرچ ہو گا۔سابق یونین کے عہدیداران منڈی کے فنڈز سے ذاتی جیب خرچ بھی لیتے رہے ہیں۔20سالوں میں جتنا فنڈز خرد برد کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔کبھی رمضان بازار تو کبھی سیلاب متاثرین کی مدد کے نام پر دیہاڑیاں لگائی گئیں۔منڈی کے ممبران کو اب سمجھ آ گئی ہے کہ کون سی یونین ان کے حقوق کی محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ LEDلائٹس کے منصوبے کے بعد آڑھتیوںکو مزید خوشخبریاں دیں گے۔