Live Updates

مون سون بارشوں کی پیشن گوئی کے پیش نظر شہری ندی نالوں اور دریا کے قریب سرگرمیوں سے گریز کریں، ڈپٹی کمشنر بٹگرام

جمعہ 11 جولائی 2025 10:50

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) بٹگرام میں شدید مون سون بارشوں کی پیشن گوئی کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، ندی نالوں اور دریا کے قریب رہائش یا سرگرمیوں سے گریز کریں۔ سیلابی پانی یا کچے پلوں سے گذرنے سے اجتناب کریں، مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، فصلوں کو بروقت محفوظ کریں، بچوں کو نالوں، گڑھوں اور خطرناک مقامات سے دور رکھیں، سیر و تفریح کے مقامات پر سفر سوچ سمجھ کر کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام کی جانب سے جاری ایک بیان میں محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی تازہ ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع میں بارش کا یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے11 سے 17 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان بارشوں کے نتیجہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب، زمینی کٹائو اور لینڈ سلائیڈنگ، تیز آندھی، بجلی اور ژالہ باری سے املاک کو نقصان کمزور ڈھانچوں جیسے کاچھا مکانات، بجلی کے کھمبے، ہورڈنگز اور سولر پینلز متاثر ہو سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور عوامی تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، مزید معلومات یا ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات