عوام الناس کو اشیائے خورد نوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اے ڈی سی (جنرل)

جمعہ 11 جولائی 2025 15:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راولپنڈی حسان طارق نے کہا ہے کہ عوام الناس کو اشیائے خورد نوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ،اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری تندہی سے کام کریں تاکہ ضلع بھر میں صارفین کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حسان طارق نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسان طارق نے کہا کہ انتظامیہ ضلع بھر میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کی گرفت میں لاکر عوام الناس کو ریلیف فراہم کرے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ جون کے دوران 614694 مقامات پرچیکنگ کی گئی جس میں 1614 خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں پر2112000 روپے جرمانہ کیا گیا، 109 دکانیں سیل کی گئیں اور 77 دکانداروں کو پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کروایا گیا۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق نے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :