آبادی کو کنٹرول کرنے کے ساتھ اپنے وسائل میں اضافہ کی ضرورت ہے ،نعیم اقبال نعیم

جمعہ 11 جولائی 2025 18:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ممتاز سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ آبادی میں بے پناہ اضافہ ہے۔ ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے آبادی پر کنٹرول لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ بہبود آبادی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی آبادی 25 کروڑ افراد تک پہنچ گئی۔ ہے مگر ہمارے وسائل میں اس تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔ غربت، بے روزگاری، لا قانونیت اور بڑھتے ہوئے جرائم و بے راہ روی کی جڑ بلاشبہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے ہے ۔ کاروبار کے حالات سازگار نہیں، ایسے میں ہمیں اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر اسی طرح آبادی میں اضافہ ہوتا رہا تو ہم بہت جلد 30 چالیس اور پھر پچاس کروڑ ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ہمیں آبادی کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل میں بھی اضافے کی ضرورت ہے۔ نعیم اقبال نعیم نے مزید کہا کہ آبادی کو کنٹرول کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو اپنا کام محنت، لگن اور دیانتداری سے سر انجام دینا ہوگا سال میں ایک بار عالمی یوم آبادی پر مہنگے ہوٹلوں میں سیمینار منعقد کرکے بری الزمہ ہونے کی بجائے عوامی سطح پر آگاہی و شعوری بیداری کی کوششیں کرنا ہونگی ۔ اب حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ متعلقہ ادارے کے لوگ گھروں،گلی، محلوں، شہروں اور دیہاتوں میں جاکر اس پر کام کریں۔