حکومت پاکستان صحت کے میدان میں عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے،ڈاکٹر نوید احمد سڈل

جمعہ 11 جولائی 2025 17:36

سیالکوٹ، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان صحت کے میدان میں عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے، جن میں حفاظتی ٹیکہ جات، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال، اور دیہی مراکز صحت کی فعالیت شامل ہیں تاہم بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معاونت میں کمی ایک چیلنج ہے، جس کا مؤثر حل یہ ہے کہ اندرون ملک موجود صحت دوست ادارے، مخیر حضرات اور نجی تنظیمیں اس خلا کو پُر کرنے میں حکومت کے ساتھ شراکت داری کریں۔

عالمی یوم آبادی کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں گلوبل فنڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے بیماریوں کی روک تھام کے پروگرامز میں 27 ملین ڈالر کی مالی کٹوتی صحت کے شعبے میں نمایاں خلا پیدا کر سکتی ہے، جس سے نہ صرف ٹی بی، ایڈز، اور ملیریا جیسے مہلک امراض کے خلاف جاری قومی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں بلکہ صحت عامہ کی مجموعی صورتحال بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ اس تناظر میں اب وقت آ چکا ہے کہ پاکستان اپنے اندرونی وسائل کو متحرک کرے اور مقامی سطح پر سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مؤثر اشتراک کو فروغ دے تاکہ صحت کی بنیادی سہولیات ہر شہری تک یکساں طور پر پہنچ سکیں۔ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں صحت کے شعبے میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبادی میں بے تحاشا اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیاں ہمارے صحت نظام پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہیں، جن کا مقابلہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم مربوط حکمت عملی، جدید تحقیق، مقامی سطح پر آگاہی، اور بہتر نظم و نسق کے ذریعے اپنی صحت پالیسیوں کو ازسرنو تشکیل دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گلوبل فنڈ جیسے اداروں کی طرف سے معاونت ضرور اہم ہے لیکن خود انحصاری کی طرف پیشرفت ہی پائیدار ترقی کی اصل ضمانت ہے۔

آخر میں انہوں نے ہسپتال کے تمام طبّی عملے، سول سوسائٹی اور پالیسی ساز اداروں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ چیلنجز کو ایک موقع کے طور پر لیں اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے پاکستان میں ایک ایسا صحت نظام قائم کریں جو ہر فرد کو محفوظ ،پر وقار اور صحت مند زندگی مہیا کرے۔