Live Updates

ممکنہ سیلاب،میانوالی، لیہ اور بھکر کیلئے فلڈ وارننگ جاری

دریا کنارے غیر محفوظ علاقوں سے آبادی کا انخلاء یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے الرٹ رہیں‘ چیف سیکرٹری لاہور میں گزشتہ روز شدید بارش کے بعد بروقت نکاسی آب کے سلسلے میں کمشنر، ڈی سی لاہور اور انکی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف بارشوں کے باعث حادثات میں 25جون سے اب تک پنجاب میں 39افراد جاں بحق ، 103زخمی ہوئے ہیں‘ پی ڈی ایم اے

جمعہ 11 جولائی 2025 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کے بعد میانوالی، لیہ اور بھکر کیلئے فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ دریا کنارے غیر محفوظ علاقوں سے آبادی کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی جس میں ممکنہ سیلاب اور مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، انتظامات کیلئے محکمہ خزانہ نے تمام اضلاع کو درکار فنڈز مہیا کر دیئے ہیں۔انہوں نے پی ڈی ایم اے کو موسم کی صورتحال ،دریائوں اورڈیموںمیں پانی کے بہائو کی مسلسل مانیٹرنگ سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے مون سون میں معمول سے 20تا 25فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے محکمہ بلدیات، واسا اور ریسکیو 1122 الرٹ رہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دس اضلاع میںنئے قائم ہونے والے واسا کو جلد فعال کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام اضلاع میں واسا اور پی ایچ اے قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ روز شدید بارش کے بعد بروقت نکاسی آب کے سلسلے میں کمشنر، ڈی سی لاہور اور انکی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بارشوں کے دوران مخدوش عمارات کے گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام اضلاع میں مخدوش عمارات کی فوری نشاندہی کی جائے۔

چیف سیکرٹری نے اضلاع میں ٹریفک نظام کی بہتری سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے باعث حادثات میں 25جون سے اب تک پنجاب میں 39افراد جاں بحق اور 103زخمی ہوئے ہیں،زیادہ اموات خستہ حال عمارتوں، چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات