خالد حسین مگسی کی زیر صدارت پی ایس کیو سی اے کے 35ویں بورڈ اجلاس ،ادارہ جاتی کارکردگی بڑھانے کے لیے اہم اصلاحات کی منظوری

جمعہ 11 جولائی 2025 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 35واں اجلاس وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی و چیئرمین بورڈ جناب خالد حسین مگسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے رضوان احمد شیخ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل TDAP محمد اشرف، سیکرٹری پی ایس کیو سی اے جناب عبد الکریم رند اور دیگر خصوصی مدعو شرکاء نے شرکت کی۔

اجلاس کا محور ادارہ جاتی اصلاحات، ملازمین کی فلاح و بہبود اور خدمات کی جدیدیت پر مبنی ایجنڈا رہا۔بورڈ نے کئی اہم اور دیرینہ مسائل پر فیصلہ کن اقدامات کرتے ہوئے پی ایس کیو سی اے کی کارکردگی میں بہتری اور ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد اصلاحات کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

نمایاں فیصلوں میں PSQCA کے ملازمین کی ریگولرائزیشن اور ان کی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری شامل ہے، جو کہ ملازمین کی فلاح کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید برآں، BS-01 سے BS-04 تک کے گریڈ کے ملازمین کو فوری تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی گئی تاکہ کم گریڈ عملے کو مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے بورڈ نے پی ایس کیو سی اے کے تمام کمپوننٹ سینٹرز اور کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں شمسی توانائی (سولر انرجی) سسٹم کی تنصیب کی منظوری دی۔ یہ اقدام ماحول دوست اور کم خرچ توانائی کے استعمال کو فروغ دے گا۔

بین الاقوامی تجارتی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ نے برطانیہ کے محکمہ برائے ماحولیات، خوراک و دیہی امور (DEFRA) کے ساتھ ایک یادداشتِ تفا?م (MoU) پر دستخط کی اجازت دی تاکہ پاکستانی غذائی مصنوعات کے لیے تجارتی سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔اندرونی نظام کی ڈیجیٹل جدیدیت کے لیے، بورڈ نے اکاؤنٹس، فنانس، اور ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹس میں SAP سافٹ ویئر کے نفاذ کی منظوری دی۔

آپریشنل سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے نئے گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی، جس کا انحصار وزارت خزانہ کی کفایت شعاری کمیٹی کی اجازت پر ہوگا۔ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے بورڈ نے موجودہ مالی سال کے لیے انسینٹو شیئرز کی فراہمی کی منظوری دی، جبکہ میڈیکل اٹینڈنس رولز 2004 کے تحت جاری طبی سہولیات کے تسلسل کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ، عالمی سطح پر گاڑیوں کے معیارات کے اشتراک کے لیے ایک غیر ملکی آٹو موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ساتھ باہمی شناختی معاہدے (MRA) پر دستخط کی بھی اجازت دی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر شفافیت، احتساب اور تمام منظور شدہ فیصلوں پر بروقت عملدرآمد پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر جناب خالد حسین مگسی نے پی ایس کیو سی اے ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بہتر خدمات اور نتائج فراہم کیے جا سکیں۔