قومی معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کردار قابل تحسین ہے، وفاقی وزیر بحری امور

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری سے ملاقات کی۔وفد میں چیئرمین پی سی ایم اے شیخ عمر ریحان، ملک سہیل حسین اور کنور قطب الدین خان شامل تھے۔ایف پی سی سی آئی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پورٹس کی کارکردگی، انفراسٹرکچر میں بہتری، بلیو اکانومی، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ بحری ترقی اور ملکی معیشت میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے، بحری تجارت اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے تاجروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وفاقی وزیر کو بندرگاہوں پر بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ مضبوط معیشت اور بحری ترقی کے لیے ان مسائل کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے سمندری تجارت کا بہترین راستہ ہے، بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور بحری تجارت کے فروغ سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔عاطف اکرام شیخ نے جدید مشینری کی تنصیب کے ذریعے کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں کمی کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔