معصوم مسافروں کو بس سے اتار کر نشانہ بنانا ایک انتہائی ظالمانہ اور انسانیت سوز عمل ہے، میر شعیب نوشیروانی

جمعہ 11 جولائی 2025 18:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے لورالائی کے علاقے ڈب سرہ ڈھاکی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم مسافروں کو بس سے اتار کر نشانہ بنانا ایک انتہائی ظالمانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کی جان لینا نہ صرف امن دشمنی ہے بلکہ پورے معاشرے کو عدم تحفظ کی فضا میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔

ایسے بزدلانہ اقدام اور سفاکیت کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ دہشت گردی جیسے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمارے سیکیورٹی ادارے مصروف عمل ہیں، اور دہشت گردی کی کمر توڑنے کے لیے روزاول سے تہیہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں ایسے ظا لمانہ کاروائیاں ہماری اجتماعی امن کی خواہش کو کمزور نہیں کر سکتے اور دہشت گردی کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے غمزدہ خاندانوں سے دہلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداکے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔