پنجاب حکومت کا مزدوردوست اقدام، محکمہ معدنیات کے 40 ہزارمائنز ورکرز کیلئے ’’مریم نوازراشن کارڈ‘‘سکیم کا آغاز

جمعہ 11 جولائی 2025 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبائی حکومت نے مائنز ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ’’مریم نواز راشن کارڈ‘‘اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ معدنیات کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گورچانی تھے۔

اس موقع پر وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے کہا کہ ’’مریم نواز راشن کارڈ‘‘وزیراعلی پنجاب کے اس وژن کی عملی تصویر ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کو معاشی تحفظ، سہولت اور عزت دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ معدنیات کے 40 ہزار مزدوروں کو راشن کارڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے وہ ہر ماہ 3 ہزار روپے تک کا راشن حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

شیر علی گورچانی نے مزید کہا کہ آئندہ سالوں میں اس مالی معاونت کو بڑھایا جائے گا، اور مزدوروں کی زندگی میں حقیقی بہتری کے لیے پنجاب حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "پنجاب کی ترقی اب صرف سڑکوں اور پلوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ انسانی فلاح اور معاشرتی انصاف ہماری ترجیح بن چکے ہیں۔"انہوں نے بتایا کہ "آج جو کارڈز تقسیم کیے گئے، ان میں سے اکثریت کے پی کے سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو دیے گئے، کیونکہ وزیراعلی مریم نواز کے نزدیک ہر مزدور برابر ہے، چاہے وہ کسی بھی صوبے سے تعلق رکھتا ہو۔

"وزیر معدنیات نے بتایا کہ محکمہ معدنیات نے اس سال ای آکش کے ذریعے ریکارڈ 30 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ محکمہ نہ صرف محنت کر رہا ہے بلکہ دیگر صوبوں کے لیے ایک ماڈل بن چکا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال بٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مائنز ورکرز کی فلاح کے لیے مختص فنڈ جو پہلے صرف 70 کروڑ روپے تھا، اب بڑھا کر 3 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں، رواں سال مائنز ورکرز کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔پرویز اقبال نے کہا کہ محکمے کی اولین ترجیح مزدوروں کو ان کے حقوق کی شفاف اور میرٹ پر مبنی فراہمی ہے۔ انہوں نے یہ خوشخبری بھی دی کہ مائنز ورکرز کے ہونہار بچوں کو مفت لیپ ٹاپس، ای-بائیکس، اور اسکالرشپس دی جائیں گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ مائنز ورکرز کی فلاح کے لیے استعمال ہونے والا ہر پیسہ ہمارے لیے ایک امانت ہے، اور اس امانت کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔اس تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات نعیم اللہ بھٹی،ڈی جی معدنیات کیپٹن (ر) وقاص رشید اور کمشنر مائنز لیبرمحمد اسد بھی موجود تھے۔