وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ورکرز ویلفیئر فنڈ بزنس سینٹر کا افتتاح کر دیا

بزنس سینٹر سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مزدوروں کی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا، وفاقی وزیر

جمعہ 11 جولائی 2025 20:38

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ورکرز ویلفیئر فنڈ بزنس سینٹر کا افتتاح ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد کے ایف سکس مرکز میں ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے تحت تعمیر کردہ بزنس سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا، یہ منصوبہ صنعتی کارکنان کی فلاح و بہبود اور ادارے کے مالی استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،افتتاح کے موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا اور بزنس سینٹر کی تعمیر، مقاصد، افادیت اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کو منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی، انہوںنے کہاکہ یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر سرکاری ادارے نیک نیتی، وژن اور موثر قیادت کے ساتھ کام کریں تو عوامی خدمت اور مالی خود کفالت دونوں ممکن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس سینٹر سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی تعلیم، صحت، رہائش اور دیگر فلاحی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف ذوالفقار احمد کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ ان کی سربراہی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور محنت کش طبقے کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے، ذوالفقار احمد نے بریفننگ میں بتایا کہ یہ منصوبہ مکمل شفافیت، اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، منصوبے سے حاصل ہونے والی آمدن صرف گیارہ ماہ میں اس کے اخراجات پورے کر لے گی،سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ قیادت اور حکومتی پالیسیوں کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ 2030 تک ایک منافع بخش ادارہ بن جائے گا، جس کے ثمرات براہِ راست صنعتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو حاصل ہوں گے،سیکرٹری نے بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف تیزی سے گامزن ہے،اس ضمن میں ایک معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس کے تحت مزدور اور ان کے اہلِ خانہ گھر بیٹھے صرف ایک کلک کے ذریعے اپنی درخواستوں کا اسٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔

تقریب میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سینئر افسران نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف اور ورکس سیکشن کے افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی شیلڈز بھی پیش کیں۔