نئی نسل میں جدید، اعلیٰ تعلیم کی لگن قابل ستائش ہے، گورنربلوچستان

جمعہ 11 جولائی 2025 22:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ نئی نسل میں جدید اور اعلیٰ تعلیم کی لگن قابل ستائش ہے، تعلیم کو آسان اور معیاری بنانے کیلئے مجھ سے جو ممکن ہو سکا وہ میں نے کیا بھی ہے اور آئندہ بھی اپنی کوشش جاری رکھوں گا۔یہ بات انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے طلباء و طالبات کے گورنر ہاوس کے دورے کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اور ژوب کیمپس کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی بھی موجود تھے۔ اسٹوڈنٹس نے مختلف سوالات کیے جن گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایک ایک کو تفصیلی جواب دیا۔ انٹرایکشن کے دوران گورنر مندوخیل نے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلہ کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ مسقبل قریب آپ اہم اور نمایاں مقامات پر ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ نوجوانوں کو تعلیم اور مہارت کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے فیسوں میں کمی اور مختلف ممالک سے اسکالرشپ کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ژوب ایک اہم تعلیمی مرکز ہوگا اور اس کیمپس کو ایک فل فلیجڈ یونیورسٹی میں تبدیل کر پائیں گے، ہم نے ژوب میں تعلیم اور ترقی کیلئے بہت پہلے بنیادیں رکھی تھیں اور اب ان کے ثمرات حاصل کرنے کیلئے وقت قریب آچکا ہے۔