خیبر پختونخوا حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، محمدبختیارخان

درپیش مسائل، ضلعی سطح پر سہولیات فراہمی، اشتہارات کی شفاف تقسیم ،تربیتی ورکشاپس کے انعقاد جیسے امور کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائیگا،سیکرٹری اطلاعات

جمعہ 11 جولائی 2025 22:29

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کے سیکرٹری ڈاکٹرمحمد بختیار خان سے سوات پریس کلب کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی.وفد نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد کی قیادت سوات پریس کلب کے صدر نیاز احمد خان کر رہے تھے، جبکہ وفد میں سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید شہاب الدین، سوات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شفیع اللہ اور گورننگ باڈی کے رکن فضل رحیم خان شامل تھے۔

وفد نے سیکرٹری اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سیکرٹری اطلاعات محمد بختیار خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صحافت جمہوریت کا ستون اور عوام کی آواز ہے، اور حکومت خیبرپختونخوا آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے بلکہ صحافیوں کی تربیت، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل، خصوصا ضلعی سطح پر سہولیات کی فراہمی، اشتہارات کی شفاف تقسیم اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد جیسے امور کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔سیکرٹری اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ محکمہ اطلاعات پریس کلبز کو مستحکم اور خودمختار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے، تاکہ مقامی صحافی معاشی و ادارہ جاتی لحاظ سے خود کفیل ہوں۔ انہوں نے صحافیوں کو مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ میں اپنا کردار موثر انداز میں اداکرنے پرزور دیا۔ سوات پریس کلب کے وفد نے صحافیوں کے مسائل سننے اور مثبت ردعمل پر سیکرٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔